نئی دہلی 26/نومبر (ایس او نیوز/ایجنسی) عام آدمی پارٹی (آپ) کے کنوینر اروند کیجریوال نے مرکز میں حکمران بی جے پی پر زبردست الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ فرقہ واریت کی سیاست کرتے ہوئے پاکستان کے مفاد میں کام کررہی ہے. کجریوال نے اتوار کو عام آدمی پارٹی کے پانچویں یوم تاسیس کی تقریب میں ملک بھر سے آئے کارکنوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ 'ملک انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے اور بی جے پی ہندئوں اور مسلمانوں کو آپس میں لڑاكر ملک کو بانٹنے کا کام کررہی ہے.اور ہندو مسلمان کے نام پر بھارت کو بانٹنا ہی پاکستان کا سب سے بڑا مقصد اور خواب رہاہے.
انہوں نے بی جے پی پر بالواسطہ حملہ بولتے ہوئے کہا، 'جو لوگ ملک کو ہندو مسلمان کے نام پر بانٹ رہے ہیں، وہ پاکستان کی خفیہ ایجنسی ISI کے ایجنٹ ہیں، وہ حب الوطنی کا چولا پہنے دیش دروہی ہیں.' کجریوال نے کہا کہ پاکستان کی آئی ایس آئی جو کام 70 سال میں نہیں کرپائی تھی، بی جے پی نے یہ کام تین سال میں کردکھایا ہے
اتنا ہی نہیں بی جے پی پر الزامات کے درمیان کجریوال نے عام آدمی پارٹی کے اندر پائے جانے والے اختلافات پر بھی پارٹی کارکنوں سے بات کی اور کہا کہ جب پارٹی اور ملک کے مفادات میں اختلاف ہو تو پارٹی کے مفادات کو بھول جانا چاہئے اور ملک کے مفاد میں کام کرنا چاہئے۔
بدعنوانی کے معاملے پر بھی کجریوال نے بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لیا. انہوں نے کہا کہ کانگریس کی طرح ہی مرکز کی بی جے پی حکومت نے بھی تین سال میں گھوٹالوں کی چھڑی لگادی ہے۔ کجریوال نے کہا کہ ہم (عام آدمی پارٹی کے کارکنان) یو پی اے کی بدعنوانی کے خلاف اکٹھے ہوئے تھے۔کانگریس نے اتنا زیادہ بھرشٹاچار کردیا تھا کہ ٹوجی گھوٹالہ، کوئلہ گھوٹالہ، کامن ویلتھ گیمس کا گھوٹالہ ، ان سب کو دیکھتے ہوئے عام آدمی کی طاقت سے 2014 میں کانگریس کو منہ کی کھانی پڑی۔ لیکن کانگریس کو نکال پھینکنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوا، کیونکہ آج بی جے پی کی سرکار بھی اُتنے ہی گھوٹالے کرنے میں لگی ہوئی ہے، اور بی جے پی کے گھوٹالوں کی لمبی فہرست لگی ہوئی ہے۔ کجریوال نے کہا کہ کانگریس نے جتنا بھرشٹاچار کیا تھا، بی جے پی اُس کی باپ ثابت ہوئی ہے۔کجریوال نے یہاں تک کہہ دیا کہ بی جے پی کی حکومت میں جج بھی محفوظ نہیں ہے انہوں نے جج لویا کی خبر پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جج لویا جو امیت شاہ کا مقدمہ دیکھ رہے تھے، اُن کی ایسی مشکوک حالت میں موت واقع ہوئی کہ شک پیدا ہوگیا ہے کہ اُن کو مارا گیا تھا یا اُن کا قتل کیا گیا تھا۔ کجریوال نے اپنے پارٹی کے کارکنوں اور ہزاروں کی تعداد میں جمع لوگوں سے کہا کہ جس طرح ہم نے کانگریس کو اُکھاڑ پھینکا تھا، اب بی جے پی کو بھی اُکھاڑ پھینکنا ہوگا جس کے لئے عام آدمی پارٹی کو دوبارہ کھڑا ہونا پڑے گا۔
انہوں نے گجرات کے اسمبلی انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کچھ دنوں بعد گجرات میں انتخابات ہونے والے ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ بی جے پی کی سرکاروں کو کانگریس کی طرح ہی اُکھاڑ پھینکا جائے ۔ کیجریوال نے رام لیلا میدان سے ہی گجرات کے ووٹروں سے بی جے پی کو ہرانے والے امیدواروں کو ووٹ دینے کی اپیل کی،اور کہا کہ چاہے وہ عام آدمی پارٹی کا امیدوار ہو یا کسی دوسری پارٹی کا اُمیدوار ہو، بی جے پی کے اُمیدواروں کو ہرانے کے لئے اپنے ووٹوں کا استعمال کریں۔
اس سے پہلے پارٹی کے ناراض رہنما کمار وشواس نے بھی عام آدمی پارٹی کے یوم تاسیس پر رام لیلا میدان میں منعقدہ پارٹی کے قومی کانفرنس کے پلیٹ فارم سے اپنے من کی بھڑاس جم کر نکالی. پارٹی قیادت پر کارکنوں کی بات نہ سننے اور گھمنڈی رویہ اپنانے کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ دوسری پارٹیوں سے آکرعام آدمی پارٹی کو اس کے مقصد سے دور کررہے ہیں۔